ریلی کا تیسرا دن: نواز شریف کا قافلہ جہلم سے لاہور کی جانب رواں دواں

جہلم: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا قافلہ جہلم سے لاہور کے لیے روانہ ہوگیا، آج نواز شریف کا قیام گوجرانوالہ میں متوقع ہے ۔ قافلہ لالہ موسیٰ، گجرات، وزیر آباد، گکھڑ منڈی سے گزرتے ہوئے پہلوانوں کے شہرگوجرانوالہ پہنچے گا اوررات وہیں قیام کا امکان ہے ۔
جہلم سے روانگی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، نوازشریف کی سرائے عالمگیر آمد پر بکروں کا صدقہ دیا گیا۔ روانگی سے قبل نوازشریف نے دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ جہلم میں ناشتہ کیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ آج قافلے کا تیسرا دن ہے ،نوازشریف گوجرانوالہ پہنچیں گے ، گوجرانوالہ میں جے آئی ٹی کے قل پڑھیں گے ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے تو فیصلے پر عملدرآمد کردیا لیکن عوام فیصلے کو نہیں مان رہے ، ہر کوئی فیصلے کے خلاف احتجاج کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات نوازشریف کا گڑھ ہے ،مخالفین ماضی کا حصہ بن چکے ، احمقوں کی جنت میں نہ رہیں،جی ٹی روڈ پر آکر دیکھیں ۔
دوسری جانب لاہور میں نوازشریف کے قافلے کی سیکورٹی کے لیے اضافی نفری پہنچ گئی ہے ۔ ملتان، ساہیوال اور وہاڑی سے پولیس اہلکار لاہور پہنچ گئے جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو بھی لاہور طلب کرلیاگیا ہے ۔
گزشتہ روز نواز شریف کا جہلم پہنچنے پرپرتپاک استقبال کیا گیاتھاجہاں استقبال کے لیے آئے ہوئے عوام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے ایک منٹ میں پانچ ججوں نے فارغ کردیا گیا،کروڑوں عوام کے ووٹوں کی یہ توہین ہے یا نہیں؟
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ کروڑوں عوام وزیراعظم کومنتخب کرتے ہیں،یہ توہین آپ کو برداشت ہے ؟پانچ معززجج یک جنبش قلم سے آپ کے وزیراعظم کوچلتا کر دیتے ہیں،ججوں نے بھی کہا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی،کوئی کرپشن کا دھبہ نہیں۔

مزید پڑھیں :کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک سمیت 2 اہلکار شہید

نوازشریف نے عوام سے کہا کہ آپ کوبھی پوچھنا چاہیے کہ جب میں نے کرپشن نہیں کی توپھرکیوں نکالا گیا؟میرے ہاتھ اوردل صاف ہے ،دل پاکستان کی محبت میں ڈوبا ہوا ہے ،میں پوچھنا چاہتا ہوں مجھے کیوں نکالا جبکہ میں نے ملک کی امانت میں کبھی بھی خیانت نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں