پابندیوں کےخاتمے کےبعد سوڈان میں پہلی بارڈالرمیں رقوم کی منتقلی

امریکی اعلان کے بعد سوڈانی کرنسی کی قیمت مستحکم ،ایک ڈالر کی قیمت گر کر 18.50 پاؤنڈ ہوگئی ،رپورٹ 
خرطوم:سوڈان کے مرکزی بنک نے امریکی پابندیوں کے خاتمے کے بعد بیرون ملک سے ڈالر میں رقوم کی منتقلی کی خوش خبری سنادی ۔امریکا نے گذشتہ ہفتے سوڈان پر گذشتہ بیس سال سے عاید اقتصادی اور تجارتی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سوڈان کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے مرکزی بنک کے ایک بیان کے حوالہ سے اطلاع دی کہ بیرون ملک سے ڈالر میں بنکوں میں رقوم کی منتقلی شروع ہوگئی ہے اور گذشتہ روز دو سوڈانی بنکوں میں امریکی ڈالرمیں رقوم منتقل ہوئی ہیں۔ایک بنک میں امریکا سے اور دوسرے بنک میں یورپ سے رقوم بھیجی گئی ہیں۔ لیکن بیان میں رقم کی مالیت اور بنکوں کے نام نہیں بتائے گئے ہیں۔امریکا نے سوڈان پر انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور اسلامی جنگجو گروپوں کی حمایت کے الزام میں 1997ء میں مختلف النوع پابندیاں عاید کی تھیں اور اب اس کے بہ قول سوڈان میں انسانی حقوق کی صورت حال بہتر ہوئی ہے ، وہ متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد لے جانے کی اجازت دے رہا ہے،وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی انٹیلی جنس سے تعاون کررہا ہے ۔

مزید پڑھیں :مونگ پھلی سب سےزیادہ آمدن والی فصلوں میں سرفہرست

اس لیے اس پر عاید پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔امریکا کے تعزیری اقدام کے تحت بین الاقوامی بنکوں پر سوڈان سے لین دین پر پابندی عاید تھی ۔سوڈان کو ٹیکنالوجی اور فاضل پرزہ جات بھی منتقل نہیں کیے جاسکتے تھے۔اس کے علاوہ بعض دوسری پابندیاں بھی عاید کی گئی تھیں۔ان سے سوڈان کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی تھی اور 2011ء میں جنوبی سوڈان کی ریفرینڈم کے نتیجے میں علاحدگی کے بعد سے اس کی معیشت کو مزید دھچکا لگا تھا۔امریکا کی جانب پابندیوں کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے بلیک مارکیٹ میں سوڈان کی کرنسی میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔پہلے ایک ڈالر 21.50سوڈانی پاؤنڈ میں بک رہا تھا ۔امریکی اعلان کے بعد سوڈانی کرنسی کی قیمت مستحکم ہوئی ہے اور ایک ڈالر کی قیمت گر کر 18.50 پاؤنڈ ہوگئی تھی ۔بدھ کو بلیک مارکیٹ میں ایک ڈالر کا 20 پاؤنڈ کے لگ بھگ لین دین ہورہا تھا۔تاہم سوڈان نے سرکاری طور پر ایک ڈالر کے مقابلے میں پاؤنڈ کی قیمت 6.7 مقرر کررکھی ہے لیکن حالیہ مہینوں کے دوران میں بلیک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں سوڈانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی اور اس سے افراطِ زر کی شرح بڑھ کر 35 فی صد ہوچکی ہے۔

Summary
Review Date
Reviewed Item
پابندیوں کےخاتمے کےبعد سوڈان میں پہلی بارڈالرمیں رقوم کی منتقلی
Author Rating
51star1star1star1star1star

اپنا تبصرہ بھیجیں